معاون مصنوعات فراہم کرنے کے لیے درکار وقت
معاون آلہ فراہم کرنے کے لیے درکار وقت اور معاونت مختلف عوامل پر منحصر ہوتی ہے۔ درج ذیل نکات اس کی وضاحت کرتے ہیں:
معاون آلہ کتنا پیچیدہ ہے
زیادہ پیچیدہ معاون آلہ اکثر اس کی فراہمی کے ہر مرحلے کو مکمل کرنے کے لیے زیادہ وقت کا تقاضا کرتا ہے۔
رابعہ یاد ہے؟
رابعہ سیدھی بیٹھنے اور حرکت کے لیے وہیل چیئر استعمال کرتی ہے۔ اسے محفوظ اور آرام دہ حالت میں بٹھانے کے لیے وہیل چیئر میں خاص مضبوط پٹیاں (supports) لگائی گئی ہیں جو اسے سہارا فراہم کرتی ہیں۔ ان پٹیوں (supports) کو درست طریقے سے ترتیب دینے کے لیے رابعہ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور تین مرتبہ ناپ اور ترتیب دینے کے مراحل انجام دیے گئے۔ چونکہ رابعہ کی نشوونما (growth) جاری ہے، اس لیے اُس کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق ان پٹیوں (supports) کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے اُسے باقاعدہ فالو اپ (follow-up) کی ضرورت ہوتی ہے، تاکہ وقت کے ساتھ ان میں مناسب تبدیلی کی جا سکے۔
رابعہ اپنے دوستوں، خاندان کے افراد سے بات چیت کرنے اور اسکول میں حصہ لینے کے لیے رابطہ تختہ (communication board) بھی استعمال کرتی ہے۔ اس کی سروس فراہم کنندہ (service provider) نے رابعہ اور اس کے خاندان کے ساتھ دو سیشنز (sessions) کیے تاکہ انہیں رابطہ تختہ (communication board) استعمال کرنے کا طریقہ سکھایا جا سکے۔ انہوں نے اسکول جا کر رابعہ کی اُستانی اور ہم جماعتوں کو بھی دکھایا کہ وہ رابعہ کے ساتھ رابطہ تختہ (communication board) کیسے استعمال کر سکتے ہیں۔ جیسے جیسے رابعہ کی نشوونما (growth) اور اس کی ابلاغی ضروریات (communication needs) میں اضافہ ہوتا ہے، تختے میں تبدیلی اور بہتری کرنا ضروری ہے تاکہ یہ اس کی ضروریات کو مؤثر طور پر پورا کرتا رہے۔
فرد کی ضروریات اور صحت
کچھ افراد کی ضروریات وقت کے ساتھ تیزی سے بدلتی ہیں، جس کے نتیجے میں انہیں معاون آلات کی بار بار جانچ، ایڈجسٹمنٹ یا تبدیلی کی ضرورت پیش آتی ہے۔ ایسے افراد کے لیے باقاعدہ پیروی (follow-up) نہایت اہم ہوتی ہے تاکہ آلہ اُن کی موجودہ ضروریات کے مطابق مؤثر طور پر کام کرتا رہے۔
مثال کے طور پر، بچے کی نشوونما کے ساتھ اس کے معاون آلے کا سائز بار بار تبدیل کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح، کسی ایسی صحت کی حالت میں مبتلا فرد کو، جس میں وقت کے ساتھ تبدیلی آتی ہے، اپنی بدلتی ضروریات کے مطابق مختلف معاون آلات کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔
ثمینہ یاد ہے؟
ثمینہ کو اپنا پہلا سماعت کا آلہ (hearing aid) اُس وقت ملا جب وہ پرائمری اسکول میں تھی۔ چونکہ اس کے کان بڑھتے جا رہے ہیں، اسے ہر سال کئی بار نیا کان کا سانچہ (ear mould) درکار ہوتا ہے۔
جس ماحول میں کوئی فرد رہتا اور کام کرتا ہے، وہ اس کی معاون آلے کی ضرورت اور استعمال پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔
اگر کوئی فرد ایسے ماحول میں رہتا یا کام کرتا ہے جو اس کے لیے کٹھن ہو، تو اسے اس ماحول کا مؤثر طور پر سامنا کرنے کے لیے اضافی تربیت کی ضرورت پڑ سکتی ہے، تاکہ وہ معاون آلہ بہتر طریقے سے استعمال کر سکے اور اپنی روزمرہ زندگی میں آسانی محسوس کرے۔
وہ اپنے معاون آلے کو بہتر طور پر استعمال کرنے کے لیے اپنے ماحول میں تبدیلی سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
آصف سے ملیے۔
آصف کی ٹانگ گھٹنے کے نیچے سے کٹی ہوئی ہے، اور وہ نقل و حرکت کے لیے کہنی والی بیساکھیاں (elbow crutches) استعمال کرتا ہے۔ وہ ایک پہاڑی علاقے میں رہتا ہے جہاں زمین ناہموار ہے، اور اس کے گھر میں سیڑھیاں بھی موجود ہیں، جو روزمرہ آمدورفت کو مزید مشکل بنا دیتی ہیں۔
جب آصف نے پہلی بار کہنی والی بیساکھیاں (elbow crutches) استعمال کرنا شروع کیں، تو اس کا سروس فراہم کنندہ کئی بار اس کے گھر آیا۔ اس نے آصف کو ناہموار زمین پر چلنے اور گھر کی سیڑھیاں چڑھنے اور اترنے کی مشق میں مدد فراہم کی، تاکہ وہ بیساکھیوں کا محفوظ اور مؤثر استعمال سیکھ سکے۔
ب آصف خود سے کہنی والی بیساکھیاں (elbow crutches) استعمال کرنے میں پُراعتماد محسوس کرتا ہے، حالانکہ اس کے رہائشی حالات جیسے ناہموار زمین اور سیڑھیاں اب بھی کٹھن ہیں۔
فرد کا تجربہ
کچھ افراد طویل عرصے سے معاون آلہ استعمال کر رہے ہوتے ہیں، اس لیے وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ انہیں کیا چاہیے اور اسے کس طرح استعمال کرنا ہے۔ تاہم، اس کے باوجود انہیں سروس فراہم کنندہ کی کچھ مدد درکار ہو سکتی ہے— جیسے مناسب آلہ کا انتخاب، درست فٹنگ کی جانچ، اور آلہ کی دیکھ بھال کو یقینی بنانا۔
پیٹر سے ملیے۔۔
پیٹر کو ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ (spinal injury) لگی ہے اور وہ کئی سالوں سے وہیل چیئر، کیتھیٹر (catheter) اور دیگر کچھ معاون آلات (assistive products) استعمال کر رہا ہے۔
پیٹر کو کیتھیٹر (catheter) کے استعمال کا وسیع تجربہ ہے اور وہ اسے اعتماد کے ساتھ خود سنبھالتا ہے۔ تاہم، وہ اب بھی اپنے مقامی ہیلتھ کلینک میں پیروی (follow-up) کرواتا ہے تاکہ مثانے (bladder) کی صحت کا جائزہ لیا جا سکے اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کیتھیٹر درست طریقے سے کام کر رہا ہے۔
پیٹر کی وہیل چیئر کے لیے بھی باقاعدہ پیروی کی اپائنٹمنٹس (follow-up appointments) ہوتی ہیں۔ اس کا سروس فراہم کنندہ یہ چیک کرتا ہے کہ وہیل چیئر اب بھی پیٹر کی ضروریات پوری کر رہی ہے یا نہیں، اور اگر کسی مرمت (repairs) کی ضرورت ہو تو اس میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔